‘بلیک میل کرکے شادی کی، فیروز خان کا دوسری بیوی پر الزام
کراچی(مسائل نیوز)معروف اداکار فیروز خان اپنی دوسری اہلیہ ڈاکٹر زینب پر سنگین الزامات لگانے کے باعث ایک مرتبہ پھر تنازعات کی زد میں آ گئے ہیں۔
گزشتہ شب انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک متنازع سٹوری شیئر کی جس میں ڈاکٹر زینب کو ٹیگ کرتے ہوئے سنجیدہ نوعیت کے الزامات عائد کیے۔
وائرل ہونے والی سٹوری میں لکھا گیا کہ مجھے اس رشتے میں زبردستی اور بلیک میلنگ کے ذریعے لایا گیا، میری والدہ اور بہن کے ساتھ ظلم ہوا جس کے بعد یہ رشتہ میرے لیے ختم ہو گیا ہے۔ مجھے کہا جا رہا ہے کہ اپنی والدہ اور بچوں کا ساتھ بھی نہ دوں ورنہ مجھ پر غلط الزامات لگائے جائیں گے۔
انہوں نے ڈاکٹر زینب کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’گھر واپس مت آنا، شکریہ’۔
فیروز خان نے جون 2024 میں ڈاکٹر زینب سے دوسری شادی کی تھی۔ ان کی پہلی شادی علیزہ شاہ سے ہوئی تھی جو 4 سال کے بعد 2022 میں طلاق پر منتج ہوئی۔
فیروز خان نے سٹوری میں مزید لکھا کہ میں یہ سب اس لیے شیئر کر رہا ہوں کیونکہ سب کو مدد کی ضرورت ہے اور مجھے بھی۔ اور مجھے یقین ہے کہ میرے چاہنے والے مجھ پر اعتماد کریں گے۔
- Advertisement -
واضح رہے کہ امسال مارچ میں فیروز خان نے اپنی دوسری شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر زینب کی تعریفوں کے پل باندھے تھے۔
انہوں نے اتنا سہارا دینے والا اور خوبصورت ساتھی ملنے پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘زینب ایک خوبصورت لڑکی ہے، ماشاءاللہ، اور میں بہت خوش ہوں کہ اللہ نے مجھے ایسی شاندار بیوی سے نوازا ہے۔ وہ اچھے اور برے دونوں وقتوں میں میرے ساتھ کھڑی ہے۔’
View this post on Instagram
دلچسپ بات یہ ہے کہ سٹوری وائرل کے بعد فیروز خان کے اکاؤنٹ سے ایک اور سٹوری شیئر ہوئی جس میں فیروز خان نے لکھا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا۔
اس سے انہوں نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ ڈاکٹر زینب کے حوالے سے متازعہ پوسٹ انہوں نے نہیں بلکہ ہیکر نے کی۔
ڈاکٹر زینب کی جانب سے تاحال کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔