گوادر کے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے اولین ترجیح ہے ، کور کمانڈر بلوچستان
گوادر(مسائل نیوز)کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفورنے گوادر میں تعینات اسپیشل سیکورٹی ڈویڑن کا دورہ کیا۔ جی او سی میجر جنرل عنایت حسین نے کور کمانڈر کو پیشہ ورانہ امور, سی پیک سیکیورٹی ،گوادر اور ساحلی پٹی کے مقامی لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے پاک فوج کی جانب سے کیے گئے متعددفلاحی منصوبوںکے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ کور کمانڈرنے علاقے میںدیرپاامن اورخوشحالی کےلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی ہم آہنگی اور اسپیشل سیکورٹی ڈویڑن کی کارکردگی کو سراہا۔ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمان قمبرا نی نے کور کمانڈر سے ملاقات میں گوادر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کور کمانڈر نے کہا کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی, گوادر اسمارٹ سٹی بنانے میں اپنا اہم اور مو¿ثر کردار ادا کر رہا ہے۔ کور کمانڈر نے کہا کہ سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبے بالعموم بلوچستان اور بلخصوص مکران ڈویڑن کے نوجوانوں کے لئے ترقی کی نئی راہیں کھولیں گے۔ کور کمانڈر نے نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع اور صحت عامہ کے شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں بشمول پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے معینہ مدت میں پورا کرنے کے لیے ہدایات بھی جاری کیں۔ کور کمانڈر بلوچستان نے دورے کے دوران سول انتظامیہ اور دیگر اداروں کے حکام سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر کور کمانڈر نے پرامن پاکستان اور خوشحال بلوچستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاک فوج بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی فلاح و بہبود کے لیے دیگر ریاستی اداروں اور سول انتظامیہ کی بھرپورمعاونت جاری رکھے گی۔بعد ازاں کور کمانڈر بلوچستان لیفٹننٹ جنرل آصف غفور نے جی او سی اور کمانڈر پاک بحریہ کے ہمراہ گوادر پورٹ اور اس سے ملحقہ پاک چائنا بزنس سینٹر کا دورہ کیا۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کے حکام نے کور کمانڈر کو مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔کور کمانڈر بلوچستان نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ایسٹ بے ایکسپریس وے کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ متعلقہ حکام نے کور کمانڈر کو زیر تعمیر گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور اس سے متعلقہ جاری منصوبوں پر مفصل بریفنگ دی۔ کور کمانڈر نے متعلقہ عملے کی کاوشوں کو سراہا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا-
- Advertisement -