ایشیا کپ فائنل سے قبل انضمام نے بابر اور فخر کو اہم مشورہ دے دیا
لاہور(مسائل نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے ایشیا کپ فائنل سے قبل بابر اعظم اور فخر زمان کو اہم مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور فخر زمان وکٹ پر رکنے کے لیے نہیں بلکہ رنز بنانے کے لیے آئیں، آج انشا اللہ ہم پاکستان کی جیت کا جشن منائیں گے، ٹیم کو میرا مشورہ ہے مثبت کھیلیں اور بیٹر کو ہمیشہ رنز بنانے سے اعتماد ملتا ہے، اس لیے انہیں چاہیے سری لنکا کے خلاف آج میچ میں باؤلر پر اٹیک کریں جس کی وجہ سے وہ دباؤ کا شکار ہوں۔
انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بلے باز فخر زمان کو مشورہ دوں گا کہ وہ وکٹ پر رکنے کے لیے نہیں بلکہ رنز بنانے کے لیے آئیں، سری لنکا کی ایسی بولنگ نہیں ہے کہ ہم کھیل نہ سکیں اور اگر ہم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر 170 یا 175 رنز کیے تو ہمارے باؤلرز روک لیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ایشیاء کپ 2022ء کا فائنل آج بروز اتوار کو کھیلا جائے گا ، فائنل میں پاکستان ٹیم میں کم از کم دو تبدیلیاں یقینی ہیں، قومی ٹیم میں شاداب خان اور نسیم شاہ کی واپسی ہوگی جب کہ حسن علی اور عثمان قادر آرام کروایا جائے گا تاہم پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے لیے فخر زمان اور مڈل آرڈر کا تسلسل کے ساتھ رنز نہ کرنا بھی پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔
- Advertisement -
ادھر بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ پاکستان کتنی بار ایونٹ اپنے نام کرچکا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم ویسے کو تو ایشیا کی بڑی ٹیموں میں شمار ہوتی ہے تاہم محض دو بار قومی ٹیم ایشیاکپ کا ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکی ہے، بھارت نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 7 مرتبہ جب کہ سری لنکا 5 مرتبہ ٹرافی اپنے گھر لے جا چکے ہیں، قومی ٹیم نے 2000ء اور 2012ء میں ایشیاء کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، 2012ء کے فائنل میں مصباح الحق کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم کے ہاتھوں بنگلادیش کو شکست ہوئی تھی۔