عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا معاملہ پھر عدالت پہنچ گیا
کراچی (مسائل نیوز) عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا معاملہ پھر عدالت پہنچ گیا۔سندھ ہائی کورٹ نے عامر لیاقت کی صاحبزادی اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹس جاری کیا ہے جبکہ دانیہ ملک کے وکیل نے نوٹس وصول کیا۔عدالت نے ایس ایچ او تھانہ برگیڈ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔سماعت کے دوران جسٹس صلاح الدین پنہور نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ عامر لیاقت سے آپ کا کیا تعلق ہے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں عام شہری ہوں۔
جسٹس صلاح الدین نے کہا کہ آپ ورثا میں نہیں، کیسے عدالت آ سکتے ہیں، ایسے تو کوئی بھی کسی بھی شخص کا پوسٹ مارٹم کرانے چلائے گا۔درخواست گزار نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے موجودہیں ،سیشن عدالت نے پوسٹ مارٹم کرانے سے متعلق درخواست مسترد کی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دیا تھا۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے سوال کیا عامر لیاقت کے انتقال کا کوئی مقدمہ درج ہوا؟ عبدالاحد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ فی الحال کوئی مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔
- Advertisement -
عامرلیاقت کے انتقال کے حوالے سے شکوک پیدا ہو چکے ہیں۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق انتقال کی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔قبل ازیں مرحوم اینکرعامر لیاقت کی تیسری اہلیہ، ٹک ٹاکر دانیہ ملک کی والدہ نے کہاہے کہ عامر لیاقت کی وفات کسی ڈپریشن یا ذہنی تنائو کے سبب نہیں ہوئی، 5 جون کو ہماری صلح ہو چکی تھی، عامر لیاقت خوش اور بہتر محسوس کر رہے تھے،عامر لیاقت کو پیسوں کے لیے قتل کیاگیا،عامر لیاقت کے موبائل کا فارنزک کروایا جائے، فرانزک سے سارا سچ سامنے آ جائے کہ پیسہ کہاں گیا۔
مرحوم اینکرعامر لیاقت کی تیسری اہلیہ، ٹک ٹاکر دانیہ ملک کی والدہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر نئے دعوے اور انکشافات کیے گئے ہیں۔ٹک ٹاکر دانیہ ملک عامر لیاقت کی موت کے بعد سے سوشل میڈیا سے دور اور عدت میں ہیں، ان کا سوشل میڈیا اکائونٹ انسٹاگرام بھی بند ہے۔ دانیہ ملک کی والدہ نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر متعدد ویڈیوز شیئر کی ہیں جن میں انہوں نے عامر لیاقت کی پہلی سابقہ اہلیہ، ڈاکٹر بشری اقبال پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی ہے۔