امید ہے عبداللہ شفیق دنیا کے بہترین اوپنرز میں سے ایک بنیں گے: بابر اعظم
لاہور (مسائل نیوز) پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ گال میں سری لنکا کے خلاف اپنی شاندار سنچری کے بعد عبداللہ شفیق دنیا کے بہترین ٹیسٹ اوپنرز میں سے ایک بن سکتے ہیں۔ عبداللہ شفیق نے ناقابل شکست 160 رنز بنا کر پاکستان کو 342 کے ریکارڈ کے تعاقب میں کامیابی دلوائی ۔ 22 سالہ نوجوان نے سپن اٹیک کے خلاف 9 گھنٹے اور 5 سیشن تک بیٹنگ کی ، وہ ان فارم پربت جے سوریا کیخلاف ڈٹے رہے جنہوں نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔
بابر اعظم نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بطور ایک نوجوان بلے باز جب آپ خود کو ثابت کرتے ہیں اور سخت حالات اور مشکل ٹریکس میں پرفارم کرتے ہیں، تو یہ اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پرفارم کرنے کے بعد عبداللہ کا اعتماد بہت زیادہ تھا اس لیے وہ ایک مختلف لیول پر تھے ، معیاری بولنگ اٹیک کے خلاف پرفارم کرنے سے آپ کا اعتماد مزید بلند ہو جاتا ہے۔
عبداللہ شفیق جنہوں نے مارچ میں راولپنڈی میں آسٹریلیا کے خلاف ناٹ آؤٹ 136 رنز بنائے، گزشتہ سال اپنے ڈیبیو کے بعد صرف چھٹے میچ میں اپنا دوسری ٹیسٹ سنچری سکور کی ۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے اپنے 408 گیندوں کی باری میں سات چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ بلاک، دفاع، ڈرائیو اور حملہ کیا اور کپتان کی بھرپور تعریف حاصل کی۔ بابر اعظم نے کہا کہ عبداللہ جس صفائی اور توجہ کے ساتھ کھیلتا ہے، وہ اس طرح کی بہت سی باریاں کھیلے گا، مجھے امید ہے کہ عبداللہ دنیا کے بہترین اوپنرز میں سے ایک بن جائے گا ۔
عبداللہ شفیق جن کی اب 11 ٹیسٹ اننگز میں اوسط 80 ہے، نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان (40) کے ساتھ 71 رنز بنائے اور پھر محمد نواز کے ساتھ ناقابل شکست 41 رنز بنائے، جنہوں نے ناٹ آؤٹ 19 رنز بنائے۔ 27 سالہ بابر اعظم نے سری لنکا کیخلاف پہلی اننگز میں 119 اور پھر دوسری میں 55 رنز سکور کرکے اپنی شاندار فارم جاری رکھی۔ بابر اعظم نے اپنی سنچری کو 41 میچوں میں 7 ٹیسٹ سنچریوں میں سے ’’خصوصی‘‘ قرار دیا۔
یہ ایک خاص اننگز تھی کیونکہ ٹیم کو اس کی ضرورت تھی۔ بابر اعظم نے کہا کہ یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین سنچریوں میں سے ایک تھی کیونکہ یہ مشکل وقت تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنڈرز کے ساتھ کھیلنے کے لیے آپ کو ان کی رہنمائی کے لیے دوہرا فوکس کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، میں خوش ہوں کہ میں نے ایسا کیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ اتوار سے گالے میں شروع ہوگا۔