اسلام آباد(مسائل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے میران شاہ میں خود کش دھماکے کی مذمت کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ، وزیراعظم نے لانس حوالدار زبیر قادر ، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود کو خراج عقیدت پیش کیا ، شہباز شریف نے خودکش دھماکے میں شہید بچوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معصوم بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت دونوں کے دشمن ہیں ، اس سفاک وحشت اور درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، قاتلوں کے سرپرستوں کو سزا دے کر رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے شہداء پر پوری قوم کو فخر ہے ، افواج پاکستان کی عظیم قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے ، شجاعت و شہادت ہماری افوج کی تابناک روایت ، جسے ہمارے شہدا نے برقرار رکھا ہے ، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
- Advertisement -
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے 3 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید ہوگئے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے معلوم ہوا ہے کہ میران شاہ میں ہونے والے خود کش دھماکے میں 3 سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ 3 بچے بھی شہید ہوئے ، شہید اہلکاروں میں حولدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود شامل ہیں جب کہ شہید بچوں میں 4 سال کی انعم ، 8 سال کا احسن اور 11 سال کا احمد حسن شامل ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ خودکش حملہ آور اور اس کے ہینڈلرز اور سہولت کاروں کے بارے میں جاننے کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے تحقیقات کی جارہی ہیں ۔