MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

اقبالؒ کی فکر نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، بیداریِ شعور اور آزادی کا عزم پیدا کیا، جو بالآخر قیامِ پاکستان کی صورت میں تعبیر ہوا،سرفراز بگٹی

0 118

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ(مسائل نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقبالؒ کی فکر نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، بیداریِ شعور اور آزادی کا عزم پیدا کیا، جو بالآخر قیامِ پاکستان کی صورت میں تعبیر ہوا انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ محض ایک شاعر نہیں بلکہ ایک فلسفی، مفکر اور روحانی رہنما تھے جنہوں نے غلامی کی زنجیروں میں جکڑے مسلمانوں کے دلوں میں خوداعتمادی، ایمان اور عمل کی حرارت پیدا کی۔ ان کا پیغام آج بھی ہمارے لیے قومی بیداری اور عملی جدوجہد کا سرچشمہ ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اقبالؒ کی شاعری میں قرآنی تعلیمات، عشقِ رسول ﷺ، خودی کا فلسفہ، اور عمل کی دعوت پوری شدت کے ساتھ موجود ہے۔ ان کے افکار ہمیں یہ سبق دیتے ہیں کہ قومیں خوابوں سے نہیں بلکہ عزم، علم اور کردار سے بنتی ہیں انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کا پیغام محض کسی خاص دور کے لیے نہیں بلکہ ہر زمانے اور ہر نسل کے لیے ایک زندہ فلسفہ ہے جو ہمیں یہ باور کراتا ہے کہ اگر ہم اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں اور عمل کے میدان میں ڈٹ جائیں تو کوئی قوت ہمیں ترقی سے نہیں روک سکتی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج کے نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ علامہ اقبالؒ کے افکار سے رہنمائی حاصل کریں، کیونکہ اقبالؒ نے نوجوان کو قوم کا معمار قرار دیا انہوں نے نوجوانوں کو بلند حوصلے، علم کی جستجو اور قومی خدمت کا درس دیا، جو موجودہ دور میں پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اقبالؒ کے پیغام کو صرف تقریروں اور کتابوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم ایک مضبوط، خوددار اور روشن پاکستان تشکیل دے سکتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اقبالؒ کی تعلیمات قومی اتحاد، فکری خودمختاری اور خود انحصاری کی بنیاد ہیں، اور انہی اصولوں پر چل کر ہم ایک خوشحال بلوچستان اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل حاصل کر سکتے ہیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.