پاکستان میں سونا مزید سستا، فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 500 روپے کی کمی
کراچی(مسائل نیوز) عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے،جمعرات کے روز پاکستان میں فی تولہ سونا 3 ہزار 500 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 33 ہزار 862 روپے پر آگیا۔
آل پاکستان صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی 10 گرام قیمت میں 3 ہزار ایک روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 71 ہزار 966 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 22 قیراط سونا 2 ہزار 751 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 40 ہزار 981 روپے فی 10 گرام پر فروخت ہورہا ہے۔
- Advertisement -
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی اونس سونا 35 ڈالر گر کر 4 ہزار 115 ڈالر پر آگیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت مقامی اور عالمی مارکیٹوں میں مستحکم رہی۔ پاکستان میں فی تولہ چاندی 5 ہزار 110 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 4 ہزار 381 روپے میں دستیاب ہے۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی فی اونس 49.26 ڈالر پر برقرار رہی۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بدھ کے روز سونا فی تولہ 7 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی سے دوچار ہوا تھا، جس کے بعد مسلسل دوسرے روز بھی کمی دیکھی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی غیر یقینی صورتحال اور ڈالر کے نرخوں میں اتار چڑھاؤ سونے کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلی کا باعث بن رہا ہے۔