MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

سبزی فروش سرکاری قیمتیں کیوں نہیں مانتے؟ سچ جان کر آپ چونک جائیں گے

0 103

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور(مسائل نیوز)ملک بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے اور خاص طور پر وفاقی دارالحکومت میں سرکاری قیمتوں اور مارکیٹ کے نرخوں میں بڑا فرق نظر آ رہا ہے۔

اسلام آباد مارکیٹ کمیٹی کے مطابق ٹماٹروں کی زیادہ سے زیادہ قیمت 170 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے لیکن شہر کے مختلف بازاروں میں ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ اسی طرح اعلیٰ قسم کے سیبوں کی سرکاری قیمت 297 روپے فی کلو ہے مگر بازار میں یہ 450 سے 500 روپے فی کلو میں مل رہے ہیں۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ خود ہول سیل مارکیٹ سے یہ اشیا سرکاری نرخوں پر نہیں خرید پاتے۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ جب ہمیں ٹماٹر 170 روپے فی کلو میں کہیں نہیں ملتے تو ہم انہیں اس قیمت پر کیسے فروخت کر سکتے ہیں؟ ان کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں بھی ٹماٹروں کی قیمت 400 روپے فی کلو تک ہے۔

- Advertisement -

اسلام آباد مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین ساجد عباسی نے بتایا کہ ہر شام مارکیٹ میں نیلامی کے بعد اوسط نرخوں کی بنیاد پر قیمتوں کی فہرست جاری کی جاتی ہے جس میں معمولی منافع شامل ہوتا ہے۔ ان قیمتوں پر عملدرآمد کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کی ہے۔ انتظامیہ بازاروں کا دورہ کرتی ہے اور جو دکاندار سرکاری قیمتوں پر عمل نہیں کرتے ان پر جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے شہریوں کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر (صدر) نے سبزی منڈی کا دورہ کیا اور 12 دکانداروں کو زیادہ قیمتوں پر اشیا فروخت کرنے اور قیمتوں کی فہرست نہ لگانے پر حراست میں لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اتوار بازاروں اور وفاقی دارالحکومت کے دیگر بازاروں میں سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ٹیمیں بازاروں کا معائنہ کر رہی ہیں اور جرمانے عائد کر رہی ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خریداری کرتے وقت سرکاری قیمتوں کے مطابق ادائیگی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری شکایت درج کرائیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.