نیپال میں مسافر طیارہ گر کر تباہ
کھٹمنڈو (مسائل نیوز) نیپال میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، پوکھارا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو فی الحال بند کردیا گیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نیپال کے مغربی پوکھارا میں اتوار کو ایک طیارہ جس میں 72 افراد سوار تھے گر کر تباہ ہو گیا، سرکاری ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ چھوٹے ہمالیائی ملک کے مغرب میں جائے حادثہ سے چند لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ یتی ایئرلائنز کا اے ٹی آر طیارہ اتوار کی صبح 11 بجے گر کر تباہ ہوا، جس میں عملے کے 4 ارکان سمیت 72 افراد سوار تھے، خبر رساں ادارے رائٹرز نے نیپال کی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ اب تک حادثے کے مقام سے کم از کم 16 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے یتی ایئرلائنز کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ ہمیں ابھی نہیں معلوم کہ اس حادثے میں کوئی زندہ بچ گیا ہے یا نہیں۔ ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ طیارہ کھٹمنڈو سے پوکھارا کے لیے اڑان بھرنے کے تقریباً 20 منٹ بعد اس وقت گر کر تباہ ہو گیا، جب یہ بدقسمت طیارہ اپنی منزل سے چند کلومیٹر ہی دور تھا، حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔