طلبہ کیلئے خوشخبری! یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کاچوتھا مرحلہ شروع
اسلام آباد(مسائل نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کے چوتھے مرحلے کا باضابطہ افتتاح کر دیا،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان تعلیم، ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی ہنر مندی میں سرمایہ کاری کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔
تقریب میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، اعلیٰ سرکاری حکام، طلباء و طالبات، اور اسکیم کے سابق مستفید طلبہ نے شرکت کی۔
وزیرِاعظم کی ہدایت پر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس کے دستے نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
اس موقع پر 2023 اور 2024 کے طلبہ و طالبات کی کامیابیوں پر مبنی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں، جنہوں نے اس پروگرام کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔
خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن پاکستان میں نوجوانوں کے بااختیار ہونے کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔
- Advertisement -
انہوں نے یاد دلایا کہ یہ منصوبہ اُن کے اسی وژن کا تسلسل ہے جو انہوں نے 2010 میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب شروع کیا تھا، تاکہ تعلیم، ثقافت، فنونِ لطیفہ، کھیل اور آئی ٹی کے شعبوں کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قدرتی آفات اور مالی دباؤ کے باوجود نوجوانوں کی ترقی کے لیے مختص فنڈز میں ایک روپیہ بھی کمی نہیں کی گئی کیونکہ تعلیم اور روزگار نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
شہباز شریف نے فخر کے ساتھ کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو مصنوعی ذہانت اور سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ جیسے جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پالیسی سازی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے نوجوانوں کی خدمت کا موقع دیا، یہ پروگرام کسی ذاتی تشہیر کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے ان نوجوانوں کے لیے ہے جو وطن کا روشن مستقبل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2011 سے اب تک ایک لاکھ سے زائد لیپ ٹاپس مکمل میرٹ پر تقسیم کیے جا چکے ہیں، جن پر 40 سے 50 ارب روپے کی لاگت آئی۔
اس کے ساتھ ہی حکومت نے نوجوانوں کی تعلیم، ہنرمندی اور خودمختاری کے لیے 500 ارب روپے مختص کیے ہیں، جسے وزیراعظم نے قوم کے مقدر میں سرمایہ کاری قرار دیا۔