فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ریفرنس سے بلیک میل نہیں کیا جاسکتا
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ریفرنس سے بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس بلیک میلنگ کے مترادف ہے، اب ایسا کیا ہوا کہ عمران خان کو چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں رہا؟ انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن پر دباو ڈال رہی ہے، ایک آزاد اور خودمختار ادارے کو دھمکیوں کے ذریعے ڈرایا نہیں جا سکتا، عمران خان خود چیف الیکشن کمشنر کی تعریف کیا کرتے تھے، اب ایسا کیا ہوگیا کہ اسی چیف الیکشن کمشنر پر انکا اعتماد نہیں رہا؟ تحفظات کے باوجود پیپلزپارٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بلیک میلنگ کے مترادف ہے۔ یاد رہے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پارٹی قیادت کا اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت اور قانونی ماہرین نے شرکت کی۔اجلاس میں الیکشن کمیشن ارکان کی حکومتی وفد سے ملاقات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
پی ٹی آئی قیادت نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کے خلاف صوبائی حکومتوں میں بھی کارروائی کا اعلان کیا گیا۔2 صوبائی اسمبلیاں الیکشن کمیشن کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد لائیں گی۔عمران خان نے قانونی ماہرین کو کارروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ اسی طرح پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پی ڈی ایم سندھ اسمبلی توڑنے اور الیکشن کمشنر تبدیل کرنے پر تیار ہو گی تو بات ہو سکتی ہے۔اگر یہ سندھ اسمبلی نہیں توڑیں گے تو باقی صوبے والے بولیں گے وہ کیوں توڑیں۔