کیا انتظامیہ نے مریم نواز کو فیک متاثرین کیمپ بنا کر دھوکا دیا؟
وزیر آباد(مسائل نیوز)وزیر آباد میں آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورے کے بعد متاثرین کھانا کھاکر لوٹ گئے اور کیمپ کو تالا لگادیا گیا۔
مریم نواز کے دورے سے قبل سوہدرہ میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں فلڈ ریلیف کیمپ کا سامان لایا گیا جس میں خیمے، کرسیاں، گدے، دوائیاں اور کھانا شامل تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسکول میں بنائے گئے فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
- Advertisement -
مریم نواز نے سیلاب زدگان کے بچوں کے ساتھ کھانا بھی کھایا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیلاب متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
تاہم مریم نواز کے دورے کےبعد کیمپ ختم کرکے سامان واپس بھجوادیا گیا، سیلاب متاثرین بھی کھانا کھا کر لوٹ گئے اور کیمپ کو تالا لگادیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کےمطابق سیلاب متاثرین کھانا کھانے کے بعد واپس چلے گئے، کل صبح دوبارہ ڈاکٹر اور اسٹاف بیٹھے گا۔
پنجاب کی سینئیر وزیر مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ متاثرین دن کے اوقات میں کیمپ آتے ہیں، کھانا کھاتے ہیں اور طبی سہولت حاصل کرتےہیں، لیکن رکنے کے لیے اپنے رشتے داروں کے گھروں کو ترجیح دیتے ہیں۔