مقبول تحریک کو کچلنے کا سوچنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ، اسد عمر
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہا ہے کہ مقبول تحریک کو کچلنے کا سوچنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ طاقت کے استعمال اور دھمکیوں کے ذریعے عوامی تحریکوں کو دبانے کی کوششوں کے تباہ کن نتائج کو ظاہر کرتی ہے ، دور اندیشی سے محروم لوگ جو یہ سوچتے ہیں کہ وہ پاکستان کی تاریخ کی مقبول ترین عوامی تحریک کو کچل سکتے ہیں انہیں تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔
دوسری طرف اسلام آباد میں چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان ، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف 16 مقدمات درج کیے گئے ہیں ، وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمے میں شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، زرتاج گل ، علی امین گنڈا پور اور خرم نواز کے نام بھی شامل ہیں ، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف راستوں کی بندش، کار سرکار میں مداخلت ، پولیس پر حملہ اور املاک کو نقصان پہنچنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے۔
- Advertisement -
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات تھانہ آبپارہ ، تھانہ ترنول ، کوہسار، بہارہ کہو، رمنا، سیکرٹریٹ اور تھانہ لوہی بھیر میں درج کیے گئے ہیں جب کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دور ان جلائو گھیرائو،توڑ پھوڑ پر تھانہ کراچی کمپنی میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف چھٹا مقدمہ درج کر لیا گیا ، مقدمہ میں عمران خان،شاہ محمود قریشی،اسد عمر،علی نواز،فیصل جاوید،علی امین گنڈا پور،راجہ خرم نواز ،سیف اللہ نیازی،ملک رفیق،شیریں مزاری،زرتاج گل ملزمان نامزد کئے گئے ہیں ،مقدمہ میں دو سو نامعلوم افراد کو بھی ملزم ظاہر کیا گیا ۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے حکومت مخالف ریلی نکالی،نعرہ بازی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی،ملزمان کو منع کرنے پر مشتعل ہو کر پولیس سے مزاحمت کی،ملزمان نے پولیس پر پتھراؤ کیا،سرکاری و پرائیویٹ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ، ملزمان کے پتھراؤ سے سرکاری و نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا،ایف آئی آر سب انسپکٹر سید عاصم غفار کی مدعیت میں درج کی گئی۔