طویل عرصے کی ٹیکنوکریٹ حکومت بنانا احمقانہ سوچ ہے
لاہور (مسائل نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ایک بار پھر ٹیکنو کریٹ حکومت بنانے کی مخالفت کر دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو ہٹا کر طویل عرصے کی ٹیکنو کریٹ حکومت بنانا ایک اورانتہائی احمقانہ سوچ ہے۔ملک کا بحران معاشی سے کہیں زیادہ سیاسی ہے۔ فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو روکنے کیلئے اس طرح کی اسکیمیں بنانا ملک کے مفاد کو پس پشت ڈالنے کے مترادف ہے،واحد حل الیکشن ہے اور ہم اس قسم کی ٹیکنو کریٹ حکومت کی مزاحمت کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے فواد چوہدری نے کہا کہ جن حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار نہیں ہوں گے وہاں ن لیگ سے آنے والوں پر غور کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے ممبران بھی ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں۔11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے اور ہم الیکشن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ امید ہے مارچ اور اپریل انتخابات کے مہینے ہیں۔
- Advertisement -
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل بلوچستان میں 8 دھماکے ہوئے،8 ماہ میں دہشت گردی میں 52 فیصد اضافہ ہوگیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان میں فوری انتخابات کی ضرورت ہے،یہ حکومت الیکشن کروانے کو تیار نہیں، حکومت جانتی ہے انتخابات نہیں جیت سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی استحکام چاہتے ہیں،الیکشن کروانے کیلئے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، فیصلہ کرنے والے ادارے ملکی حالات کو دیکھیں۔
ہم معیشت پر ایک وائٹ پیپر لا رہے ہیں،اگر آئی ایم ایف سے ہمارا پروگرام نہیں چلتا تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔اگر آئی ایم ایف کی شرائط مانی جاتی ہیں تو ڈالر مزید مہنگا ہو جائے گا۔ہم نے 55 لاکھ نوکریاں پیدا کی تھیں،اس حکومت نے صرف ٹیکسٹائل سیکٹر میں 15 لاکھ نوکریاں ختم کی ہیں۔ علاوہ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اینڈ سن نے بے نظیر کے فلسفے ہر وہ گہری ضرب لگائی کہ بے نظیر کے قاتل بھٹو کو ختم نہیں کر سکے تھے۔