MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

کار سرکار مداخلت کیس،عمران خان کی عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع

0 241

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد (مسائل نیوز)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کار سرکار مداخلت کیس میں عبوری ضمانت میں 9 دسمبر تک توسیع کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں تھانہ سنگجانی میں درج کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے سے متعلق سماعت ہوئی،عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی اور وکیل بابر اعوان نے میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی،بابر اعوان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان لاہور میں ہیں،عدالت پیش نہیں ہو سکیں گے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان راولپنڈی جلسے میں موجود تھے تو عدالت کیوں پیش نہیں ہو سکتے؟ وکیل بابر اعوان نے جواب دیا کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو لینڈنگ کی اجازت نہیں مل سکی،عدالت نے استفسار کیا کہ لینڈنگ کی اجازت نہ ملنے کا کوئی تحریری آڈر ہے؟ بابر اعوان نے عدالت میں کہا کہ لینڈنگ کی اجازت نہ ملنے کا کوئی تحریری کوئی آڈر نہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے انسداد دہشت گردی عدالت نے احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار مداخلت کیس میں عمران خان کی ضمانت میں 28 نومبر تک توسیع کی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں تھانہ سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کار سرکار مداخلت کے مقدمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی۔
عمران خان کی جانب سے وکیل رائے تجمل حسین عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان قاتلانہ حملے میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے لہذا وہ پیش نہیں ہو سکتے۔ عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنٰی کی درخواست منظور کی اور عمران خان کی مکمل میڈیکل رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.