MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

کراچی یونیورسٹی خود کش دھماکے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنادی گئی

1 250

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی (مسائل نیوز) کراچی یونیورسٹی خودکش دھماکےکی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ، جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔ نوٹی فکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ ڈی آئی جی سی آئی اے کمیٹی کی سربراہی کریں گے ، اس کے علاوہ کمیٹی میں ایس ایس پی ایسٹ ، ایس ایس پی ملیر اور ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل بھی شامل ہیں جب کہ اس کیس پر سی ٹی ڈی اور رینجرز کی ٹیمیں پہلے سے ہی کام کر رہی ہیں۔
ادھر کراچی یونیورسٹی دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث ایک اور خاتون کردار کی نشاندہی کرلی گئی ، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ایک نئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک اور برقع پوش خاتون کو جامعہ کراچی کے اندر ڈپارٹمنٹ کے گیٹ کے سامنے کھڑے دیکھا گیا ہے اور جیسے ہی مبینہ خودکش حملہ آور خاتون رکشے سے اتر کر کچھ دور کھڑی ہوتی ہے تو ایک اور سفید اسکارف والی خاتون مبینہ حملہ آور کے پاس جاکر کچھ بات کرتی ہے اور بات چیت کے بعد حملہ آور خاتون دھماکے کی جگہ پر آ جاتی ہے جہاں حملہ آور خاتون نے تقریباً 9 منٹ تک وین کا انتظار کیا۔

- Advertisement -

قبل ازیں جامعہ کراچی میں خودکش دھماکا کرنے والی خاتون کی شناخت ہوگئی ، تفتیشی حکام سے معلوم ہوا ہے کہ خاتون کی شناخت شیری بلوچ کے نام سے کی گئی ہے ، جو دوسرے صوبے سے زولوجی میں ایم ایس کرچکی ہے ، خاتون حملہ آور 6 ماہ سےکراچی میں رہائش پذیرتھی ، حملہ آور زولوجی ڈیپارٹمنٹ سے ایم فل کر رہی تھی جب کہ خاتون حملہ آور کا شوہر اور بہن بھی ڈاکٹر ہیں ۔
بتایا گیا ہے کہ خاتون حملہ آور کے خاندان کے دیگر افراد بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں ، مبینہ خاتون خودکش بمبار کے والد حال ہی میں بلوچستان سے گریڈ 20 میں ریٹائر ہوئے اور اب تک خاتون خودکش حملہ آور کے خاندان کا کوئی کرمنل رکارڈ نہیں ملا۔ تفتیشی حکام کے مطابق ممکنہ طور پر خاتون خودکش بمبار نے یونیورسٹی آنے کیلئے رکشے کا استعمال کیا ، خاتون نے جامعہ کراچی میں مسکن گیٹ کے راستے سے دوپہر ایک بج کر 56 منٹ پر داخل ہوئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے دھماکے میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے ، یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب جامعہ کراچی میں چینی زبان کی تعلیم دینے والے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے گیٹ پر خاتون بمبار نے عین اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا یا جب چینی اساتذہ کی وین اندر داخل ہونے والی تھی ، دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور تک سنائی دی گئی ، دھماکے کی وجہ سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز، پولیس، فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

1 Comment
  1. […] بلوچستان کے علاقے قلات میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.