کوئٹہ کی آدھے سے زیادہ آبادی گیس سے محروم ہے،اراکین بلوچستان اسمبلی
کوئٹہ(ویب ڈیسک)بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پونے دو گھنٹے کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار بابرخان موسیٰ خیل کی زیر صدارت شروع ہوا ۔اجلاس کے آغاز پر ڈپٹی سپیکر نے ایوان کو بتایا کہ سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حیدر بلوچ گزشتہ دنوں انتقال کر گئے سپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی نے ان کی وفات پر فاتحہ خوانی کی درخواست کی ہے جس کے بعد ایوان میں ڈاکٹر حیدر بلوچ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن نصراللہ زیرئے نے 20جنوری کو لاہور میں دھماکے کے بعد پنجاب یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات میں مقیم اور مختلف مقامات پر کام کرنے والے پشتون بلوچ طلباءسمیت دیگر افراد کوگرفتار کرنے اور تھانوں میں منتقل کرنے پر ایوان کی توجہ مبذول کرائی اور مطالبہ کیا کہ وزیرداخلہ پنجاب حکومت سے اس معاملے پر بات کریں
- Advertisement -
انہوںنے مہاجر قومی موومنٹ کے رہنماءآفاق احمد کے پشتونوں کے خلاف دیئے گئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اس بیان پر معافی مانگیں ۔انہوںنے محکمہ سی ٹی ڈی میں اعلان کی گئی سو لہ سو اسامیوں میں بھرتی کے لئے قدکی شرط پانچ فٹ رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی میں بھی یہ رعایت دی گئی ہے
لہٰذا سی ٹی ڈی میں بھی پانچ فٹ پانچ انچ کی بجائے قد کی شرط پانچ فٹ رکھی جائے ۔مشیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ طلباءکے مسائل پر حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی گزشتہ اجلاس میں طلباءکو حراساں کرنے کے واقعات رونما ہونے کے فوری بعد پنجاب کے متعلقہ حکام سے رابطہ کیاگیا اور جن طلباءکو حراست میں لیاگیا تھا انہیں چھوڑ دیاگیا ہے ۔