’کسی پاکستانی پر ویزا کی پابندی نہیں لگائی‘
کراچی (مسائل نیوز) کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی نے پاکستانی شہریوں پر یو اے ای کے ویزا کی پابندی کی اطلاعات کو سختی سے مستردکردیا۔ جیو نیوز کے مطابق اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ جانے ایسا کیوں کیا جا رہا ہے؟ اس سلسلے میں ہر کچھ عرصے بعد مختلف قسم کی افواہیں پھیلا دی جاتی ہیں، نہ جانے کون لوگ اور کیوں اس طرح کی افواہیں پھیلا رہے ہیں، درحقیقت یو اے ای حکومت نے ویزے کی کوئی پابندی نہیں لگائی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے شہری بلاتفریق متحدہ عرب امارات کے وزٹ یا دیگر کسی بھی ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جس پر انہیں ویزے دیے جارہے ہیں، اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ کراچی قونصلیٹ سے بھی ان شہروں کی پیدائش رکھنے والے یا رہائشی پاکستانی بھائیوں کے وہ خود ویزے لگا کر دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پاکستان کے مزید 2 شہروں پر وزٹ ویزے پر پابندی عائد کر دی ہے، اس حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان کے 24 شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد یو اے ای وزٹ ویزے پر نہیں جا سکتے، ان شہروں کے بزنس مین بھی وزٹ ویزے پر نہیں جا سکتے، ان شہروں میں ایبٹ آباد، ڈیرہ غازی خان، کوئٹہ، خوشاب، مظفر گڑھ، سرگودھا، اٹک، ڈیرہ اسماعیل خان، قصور، خرم ایجنسی، نواب شاہ اور شیخوپورہ ، باجوڑ ایجنسی، ہنگو، کوہاٹ، لاڑکانہ، پارہ چنار، اسکردو، چکوال، ہنزہ، کوٹلی، مھمند ایجنسی، ساہیوال اور سکھر شامل ہیں۔
- Advertisement -
اس ضمن میں بتایا گیا تھا کہ اس پابندی کی بنیادی وجہ غیر لائسنس یافتہ ایجنٹس مافیا کی جانب سے غلط بیانی کرکے لوگوں کو وزٹ ویزے پر یو اے ای بھجنا ہے کیوں کہ ایجنٹس مافیا نے وزٹ ویزے کے نام پر نوکری کا جھانسہ دے کر کچھ لوگ یو اے ای بھیجے لیکن نوکری نہ ملنے پر یو اے ای جانے والے افراد بھیک مانگنے اور دیگر کام کرتے ہوئے پکڑے گئے۔