اداروں پر بےبنیاد الزامات لگانا درست نہیں، ملک احمد خان
اسلام آباد (مسائل نیوز) وفاقی معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور شیریں مزاری کے بیانات کو سامنے رکھ کر تفتیش ہونی چاہیے، ارشد شریف کی فیملی کی تسلی کیلئے تحقیقات جس طرح بھی کرانی ہوں حکومت کو ئی اعتراض نہیں،واقعے کو سیاست کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہپیے، اداروں پر بے بنیاد الزامات لگانا درست نہیں۔
انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کی وفات پر ہم سب کو بہت دکھ ہے، ارشد شریف کی وفات سے متعلق کینیا کی پولیس بیان دے چکی ہے۔ سوشل میڈیا پر اکثریت نے سوال اٹھایا کہ کس نے ارشد شریف کو ملک چھوڑنے کا کہا، اس کا جواب عمران خان نے خود کل دے دیا ہے، کل ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس ٹاک میں ایک بڑی اہم بات ہے کہ ارشد شریف واقعے میں بینیفشری کون ہے؟ یہ قتل کا سنگین معاملہ ہے، اس کی تفتیش میں ایک اہم پوزیشن عمران خان کی طرف سے آئی ہے کہ جب ارشد شریف نے عمران خان کو کہا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، پھر عمران خان نے انہیں ملک سے باہر جانے کو کہا،یہ کن حالات خدشات کی بناء پر کہہ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں پر جب تنقید ہوتی ہے تو ہم سیاستدان تو بات کرسکتے ہیں، ہم ایک دوسرے کی تنقید کا جواب دے سکتے ہیں، لیکن جب سکیورٹی فورسز ، سکیورٹی ایجنسیز کے خلاف منفی مہم چلاتے ہیں تو اس کا مئوقف ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے ہی آتا ہے، ان کی طرف سے کہا گیا کہ تحقیقات ہونی چاہیے کہ اس میں بینیفشری کون ہے؟ اسی طرح شیریں مزاری کا بیان ہے، اس کو بھی دیکھا جانا چاہیے۔
عمران خان اور شیریں مزاری کے بیان کو سامنے رکھ کر تفتیش ہونی چاہیے، دونوں اشارہ دے کر کیا بات کرنا چاہ رہے ہیں؟اب اگر آپ آکرکہیں کہ آئی ایس آئی اور ایم آئی تفتیش کرے تو یہ مناسب نہیں ہوگا، میرا خیال ہے جیسے جی ایچ کیو کی جانب سے خط لکھا گیا کہ آزادانہ انکوائری ہونی چاہیے تو اس حوالے جوڈیشل کمیشن بنے گا وہ تفتیش کریں گے، اگر اس پر تشفی نہیں ہوتی تو ارشد شریف کیس کی تحقیقات جہاں بھی کرانی ہوں ہمیں کوئی اعتراض نہیں، بس ان کی فیملی کی تسلی ہونی چاہیے، حکومت چاہتی ہے کہ حقائق سامنے آئیں۔ ارشد شریف کے معاملے کو سیاست کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہپیے، اداروں پر بے بنیاد الزامات لگانا درست نہیں۔
[…] آباد (مسائل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید […]