MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر جسٹس فاروق حیدر نے سماعت سے معذرت کرلی

0 261

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور(مسائل نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر جسٹس فاروق حیدر نے سماعت سے معذرت کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت کا آغاز ہوا تو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سماعت سے معذرت کر لی جس پر عدالت نے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی کو بھجوا دی ، عدالتی نوٹ مین کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کسی دوسرے بینچ کو درخواست سماعت کے لیے مقرر کریں۔
گزشتہ روز مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی تھی ، اس دوران مریم نواز کی طرف سے احسن بھون پیش ہوئے اور نیب کی نمائندگی فیصل بخاری ایڈووکیٹ نے کی ، اس موقع پر جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ 2019ء کی متفرق درخواست کے زیر التوا ہونے کے باوجود کیسے اس متفرق درخواست کو سن سکتے ہیں؟ ضمانت کے فیصلے کے خلاف اپیل کا کیا بنا؟ اس پر نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے مریم نواز کی ضمانت کو چیلنج کر رکھا ہے ، نیب کی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل زیر التوا ہے ، جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آپ ضمانت کے خلاف اپیل پر سماعت کروانا بھی نہیں چاہتے؟ اس پر نیب کے وکیل نے کہا ہم چاہتے ہیں مگر ابھی تک درخواست سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی۔

- Advertisement -

دوران سماعت نائب صدر ن لیگ کے وکیل احسن بھون نے کہا کہ مریم نواز کی اس عدالت کے سامنے درخواست صرف پاسپورٹ کی واپسی کی حد تک ہے ، ای سی ایل میں نام کے حوالے سے حکومت خود دیکھے گی ، آخری عشرہ ہے، ان کی موکل عمرے کی ادائیگی کے لیے جانا چاہتی ہیں ، یہ نیکی کا کام ہے۔ اس پر جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ نیکی کر دریا میں ڈال ، جج کے ان ریمارکس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے ، بعد ازاں عدالت نے مریم نواز کی متفرق درخواست پر وفاقی حکومت سے ای سی ایل رولز سے متعلق جواب طلب طلب کر لیا اور کہا کہ ای سی ایل کے جو رولز بنے ہیں وفاقی حکومت کے وکیل وہ رولز پیش کریں ، اس کے علاوہ نیب کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا تھا۔
بتاتے چلیں کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے بیرون ملک جانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے ، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2019ء میں نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کیا تھا بعد میں لاہورہائی کورٹ نے ضمانت منظور کی تاہم عدالتی حکم پر پاسپورٹ سرنڈر کر رکھا ہے ، اب بیمار والد نوازشریف کی تیمارداری کے لئے لندن جانا چاہتی ہوں اس کے علاوہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب بھی جانا چاہتی ہوں لیکن پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے بیرون ملک نہیں جاسکتی لہذا لاہور ہائیکورٹ میرا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.