قوم اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ بھرپور انداز میں جاری رہے گی
کویٹہ(مسائل نیوز)صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے خیبرپختونخوا ایف سی ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی ایک بزدلانہ کارروائی ہے جس کا پورے ملک کی سکیورٹی فورسز بھرپور عزم و ہمت کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے حملے کو ناکام بنانے اور بروقت کارروائی کرنے پر سکیورٹی فورسز کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے خودکش حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے بلندیٔ درجات کی دعا کی، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کا خون ملک و قوم کی بقا کی ضمانت ہے۔