صدر اور وزیر اعظم کاچترال میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار، امدادی کاروائیاں تیز کرنے کا حکم
اسلام آباد (مسائل نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے چترال میں برفانی تودہ گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
- Advertisement -
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔صدر مملکت نے وفاقی، صوبائی اور مقامی اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی اقدامات تیز کیے جائیں اور عوام سے مسلسل رابطہ رکھا جائے۔
دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وفاقی ریسکیو و ریلیف اداروں کو صوبائی حکومت کے تعاون سے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے متاثرین کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر پہنچانے کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ملک کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے بعد کی صورتحال کی نگرانی اور متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔