پاکستانی ایئرپورٹ سسٹم جدید ممالک کی صف میں شامل؟ جانیں نیا خود کار فیچر ہے کیا
لاہور(مسائل نیوز)بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستان مسافر اب مزید آسان اور تیز چیک اِن کا تجربہ کر سکیں گے کیونکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے ساتھ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر سیلف بورڈنگ کیوسک متعارف کروا دئیے گئے ہیں۔ یہ جدید نظام مسافروں کو ایئرپورٹ پہنچتے ہی خودکار طور پر بورڈنگ پاس حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حکام کے مطابق یہ کیوسک نئے ای-اپلیکیشن کے ساتھ مربوط ہیں جو انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) سے جڑا ہوا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے بین الاقوامی سفر کرنے والے مسافر اپنے ویزا کی تفصیلات، ملازمت کی معلومات اور سفر کے مقصد سمیت مکمل پروفائل پہلے ہی جمع کرا سکتے ہیں۔
- Advertisement -
یہ نظام پاکستان سے پرواز کرنے والی تمام ایئرلائنز کو بھی شامل کرے گا۔ ایک بار مسافر کی معلومات اپ لوڈ اور تصدیق ہو جائے تو وہ براہِ راست ڈپارچر لاونج میں جا سکتے ہیں اور فوری بورڈنگ پاس حاصل کر سکتے ہیں جبکہ چند منٹ میں امیگریشن کلیئرنس مکمل کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل مسافروں کو بورڈنگ کارڈ اور امیگریشن کے لیے لمبے انتظار کا سامنا کرنا پڑتا تھا تاہم اب ایف ائی اے نے تصدیق کی ہے کہ نئی ای-اپلیکیشن میں سخت حفاظتی اقدامات موجود ہیں جس کے تحت مسافر اپنے تمام متعلقہ دستاویزات اپ لوڈ کریں گے اور ایک سیٹ تصدیقی سوالات کے جوابات دیں گے۔
یہ اقدام متوقع طور پر مسافروں کی پروسیسنگ کو تیز کرے گا ہجوم کم کرے گا اور پاکستان کے مصروف ترین ہوائی اڈوں پر مجموعی سفری تجربے کو بہتر بنائے گا۔