اسحاق ڈار کی وزارت خزانہ کو آئی ٹی کی ترقی کیلئے حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (مسائل نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈارنے وزارت خزانہ کو آئی ٹی کی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے کو اس کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ترجیحی توجہ دیتی ہے،آئی ٹی سیکٹر میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں اور یہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسحاق ڈار نے ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کی ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ،معاون خصوصی وزیراعظم برائے خزانہ طارق باجوہ،گورنر اسٹیٹ بینک،سیکریٹری خزانہ،چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین پی ٹی اے اور دیگر اعلٰی حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر کی کم ہوتی ہوئی برآمدات اور ان میں دوبارہ اضافہ کرنے اور اس شعبہ کو ترقی کی راہ پر لانے کے اقدامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے آئی ٹی کے شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے کو اس کی حقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر توجہ دیتی ہے،آئی ٹی سیکٹر میں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں اور یہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
وزیر خزانہ نے وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی تجاویز پر غور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ آئی ٹی کے شعبے کی سہولت اور آسانی کے لیے اقدامات کریں اور اس شعبے کی برآمدات کی حوصلہ افزائی کے لیے رکاوٹوں کو دور کریں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کی معیشت کو آگے لے جانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔پاکستان اور چین کے درمیان گہری جڑوں والے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔
[…] آباد(مسائل نیوز) وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک جاری کردی ہے جس کے مطابق رواں […]