لاہور ٹیسٹ ، پاکستان نے کھانے کے وفقے پر ایک وکٹ پر 159 رنز بنالیے
لاہور(مسائل نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھانے کے وقفے پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنالیے ، پاکستان ٹیم نے تیسرے روز 90 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر اپنی بقیہ اننگز کا آغاز کیا۔ عبداللہ شفیق 75 اور اظہر علی 63 رنز بنا کر آسٹریلوی باولرز کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
اوپنر امام الحق 11 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ اس سے پہلے آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کے خلاف 391 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ، عثمان خواجہ 91 ، کیمرون گرین 79 ، الیکس کیری 67 اور سٹیو سمتھ 59 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ، قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 4,4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، ساجد خان اور نعمان علی کے حصے میں 1,1 وکٹ آئی ۔
- Advertisement -
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں کینگروز نے ٹاس جیت کر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ان کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 8 رنز پر ہی گر گئی تھیں ، جب اوپنر ڈیوڈ وارنر 7 رنز اور اس کے بعد مارنس لبوشین بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ، یہ تیسرا موقع ہے جب آسٹریلوی کھلاڑی مارنس لبوشین ٹیسٹ کیریئر میں پاکستان کے خلاف صفر آؤٹ ہوئے ، اس کے بعد اسپنر نعمان علی کی گیند پر کپتان بابراعظم نے عثمان خواجہ اور نعمان علی نے اپنی ہی گیند پر سٹیو سمتھ کا اہم کیچ چھوڑ دیا تاہم چائے کے وقفے کے بعد سٹیو سمتھ 59 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے اور اوپنر عثمان خواجہ 91 رنز بنا ساجد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ، ٹریوس ہیڈ 26 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنانے والی آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے دن اپنی اننگز آگے بڑھائی تو الیکس کیری 67 اور کیمرون گرین 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور یہ دونوں کھلاڑی ہونے سے پہلے اپنی ٹیم کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم کرچکے تھے ، الیکس کیری کی وکٹ نعمان علی اور کیمرون گرین کی وکٹ نسیم شاہ نے حاصل کی ، ان دونوں بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد مہمان ٹیم زیادہ دیر اپنی اننگز نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 391 رنز پر پویلین لوٹ گئی ۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا اور کراچی میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا جب کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے کراچی ٹیسٹ کی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور اسی پلیئنگ الیون کو برقرار رکھا تاہم پاکستان کی طرف سے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ کو آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔
سیریز کے فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فواد عالم، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی ، حسن علی اور نسیم شاہ شامل ہیں جب کہ آسٹریلیا نے اپنی پلیئنگ الیون میں عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنوس لیبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، نیتھن لائن اور مچل سوئپسن کو جگہ دی ہے۔