بلوچستان پولیس میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، محمد طاہر
کوئٹہ (مسائل نیوز)نسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، کیونکہ کھیلوں کے میدانآباد ہونے سے معاشرہ منفی سرگرمیوں سے پاک رہتا ہے اور نوجوان نسل ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط اور توانا رہتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج میں کمانڈنٹ پی ٹی سی اور زیر تربیت اہلکاروں کے مابین کھیلے جانے والے کرکٹ میچ کے موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی پولیس نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پولیس کے نوجوان کھلاڑی قومی سطح پر صوبے اور ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں جو قابلِ فخر ہے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوان فورس میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ سماجی برائیوں سے دور رہیں۔دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے کرکٹ، فٹ بال اور والی بال کھیلنے والے لیویز کے زیر تربیت جوانوں سے مصافحہ کیا اور ان کے جذبے، محنت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر زیر تربیت جوانوں کے لیے فٹسال نائٹ ٹورنامنٹ، فٹ بال اور والی بال کے باقاعدہ ٹورنامنٹس بھی منعقد کیے گئے۔، جس کا مقصد نوجوانوں میں جسمانی فٹنس، مثبت سرگرمیوں اور ٹیم ورک کو فروغ دینا تھا۔ اس کے علاوہ کرکٹ،ٹورنامنٹس کے فائنل مقابلے میں پی ٹی سی کمانڈنٹ اسٹاف ٹیم اور زیر تربیت جوانوں کے درمیان کھیلے گئے، جن میں سخت اور دلچسپ مقابلوں کے بعد کرکٹ، فٹ بال اور والی بال تینوں فارمیٹس میں کمانڈنٹ اسٹاف ٹیم نے کامیابی اپنے نام کی۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان بطور مہمانِ خصوصی خود بھی کرکٹ میچ میں شریک ہوئے، جس سے زیر تربیت جوانوں میں جوش و خروش اور ولولہ مزید بڑھ گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بی سی اشفاق احمد، کمانڈنٹ پی ٹی سی شہراد اکبر، پی ایس او اعتزاز احمد سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر آئی جی پولیس بلوچستان نے کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے زیر تربیت نوجوانوں میں انعامات تقسیم کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان پولیس میں کھیلوں کے فروغ کے لیے آئندہ بھی ایسے مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔