آپ کا شناختی کارڈ کہاں کہاں استعمال ہوا؟ نادرا کی پاک ایپ میں اہم فیچر شامل
اسلام آباد(مسائل نیوز)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو مزید سہولت اور شفافیت فراہم کرنے کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کے نئے ورژن میں ایک اہم فیچر شامل کر دیا ہے جس کے تحت اب صارفین اپنی شناختی معلومات کی ویریفیکیشن ہسٹری دیکھ سکیں گے۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کا نیا ورژن 5.4.2 جاری کردیا گیا ہے جس کی نمایاں خصوصیت ویریفیکیشن ہسٹری ہے۔ اس فیچر کے ذریعے شہری یہ معلوم کر سکیں گے کہ ان کا قومی شناختی کارڈ یا دیگر بایومیٹرک معلومات کن اداروں یا مقامات پر تصدیق کے لیے استعمال ہوئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اس سہولت کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ ان ہونے کے بعد مین اسکرین پر موجود مینو پر جانا ہوگا جہاں ویریفیکیشن ہسٹری کے نام سے نیا ٹیب شامل کیا گیا ہے۔ اس حصے میں صارفین مختلف زمروں کے تحت اپنی معلومات کے استعمال کی تفصیل دیکھ سکتے ہیں۔
“All Shared” کے آپشن میں ان تمام اداروں اور افراد کی فہرست موجود ہوگی جنہوں نے کیو آر کوڈ، فنگر پرنٹس، فیشل ریکگنیشن یا شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے صارف کی معلومات کی تصدیق کی۔ ہر اندراج کے ساتھ مزید تفصیلات جاننے کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔
- Advertisement -
“Digital QR” سیکشن میں وہ اندراجات دکھائے جائیں گے جہاں کیو آر کوڈ کے ذریعے شناخت کی تصدیق کی گئی ہو، جبکہ “Fingerprints” کے حصے میں فنگر پرنٹس کے ذریعے تصدیق کرنے والے اداروں کی تفصیل موجود ہوگی۔
اسی طرح “Facial” ٹیب میں چہرے کی تصویر کے ذریعے کی گئی تصدیق اور “CNIC” ٹیب میں صرف شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے ہونے والی ویریفیکیشن کی معلومات فراہم کی جائیں گی۔
نادرا کے مطابق یہ نیا فیچر شہریوں کے ڈیٹا کے تحفظ اور شفافیت کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کو تازہ ترین ورژن میں اپ ڈیٹ کریں یا اگر ایپ موجود نہیں تو اسے فوری طور پر ڈاؤن لوڈ کریں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا مستقبل میں بھی پاک آئی ڈی ایپ میں جدید اور صارف دوست سہولیات متعارف کروانے کے لیے کام کرتا رہے گا۔