مس یونیورس پاکستان روما ریاض کی سیاہ رنگت پر تنقید کرنیوالوں کو کرارا جواب
لاہور(مسائل نیوز)مس یونیورس پاکستان 2025 روما ریاض نے اپنی سیاہ رنگت پر ہونے والی تنقید پر کہا ہے کہ تبدیلی ہمیشہ مزاحمت کے بغیر نہیں آتی، لیکن ہر قدم اگلی لڑکی کے لیے نئے دروازے کھولتا ہے۔
روما ریاض نے انسٹاگرام پر کہا کہ میری رنگت پاکستان کی مٹی جیسی ہے، جس مٹی سے ہماری فیملیز اور قوم نے اپنے گھر بنائے اور اپنی شناخت سنبھالی۔
رومہ ریاض نے کہا کہ میں صرف اپنی نمائندگی نہیں کر رہی بلکہ ایک نئی نسل کی آواز ہوں، جو سماجی اور ثقافتی رکاوٹوں کو توڑ کر خواتین کو بااختیار بنانا چاہتی ہے، میں خواتین کے تعلیمی اور سماجی مواقع کو فروغ دینا چاہتی ہوں۔
- Advertisement -
انہوں نے کہا کہ میں ہر انٹرویو میں، ہر جگہ فخر سے کہتی ہوں کہ پاکستانی لوگ ہماری شان ہیں۔ آگے سے وہ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ اگر ایسا ہے تو تمہارے لوگ تمہارے بارے میں اتنی نیگیٹو باتیں کیوں پھیلا رہے ہیں، جب باقی ساری دنیا اور باقی کمیونٹیز تمہیں اتنا پیار اور سپورٹ کر رہی ہیں۔
رومہ ریاض نے کہا کہ یہ لمحہ ہر اُس جنوبی ایشیائی لڑکی کے لیے ہے جس نے کبھی خود کو اس اسٹیج پر نہیں دیکھا، میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میری حمایت کی، چاہے وہ بھارتی، لاطینی، میکسیکن یا دنیا کے کسی اور حصے سے ہوں۔
رپورٹ کے مطابق 25 سالہ روما ریاض کی پیدائش لاہور میں ہوئی، مگر سعودی عرب اور برطانیہ میں پرورش پائی۔ وہ اس وقت مانچسٹر میں مقیم ہیں اور بزنس و مارکیٹنگ کی ڈگری حاصل کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ روما ریاض نے مس یونیورس پاکستان 2025 کا تاج اپنے نام کر لیا ہے اور اب وہ تھائی لینڈ میں ہونے والے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔