کوئٹہ راولپنڈی (مسائل نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی ترقی، عوامی فلاح اور سلامتی سے متعلق اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و واسا سردار عبدالرحمن کھیتران سمیت اعلیٰ سول و عسکری

حکام، عوامی نمائندے اور نوجوان رہنما شریک ہوئے۔
- Advertisement -
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور صوبہ اپنی باصلاحیت اور محب وطن عوام کے ذریعے ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے سماجی و معاشی بہتری کے لیے جاری منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو عوام کی فلاح کے لیے بروئے کار لانا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سول سوسائٹی خصوصاً نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر نوجوان ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر کام کریں تو بلوچستان کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے دشمن ممالک کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کے منفی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بلوچستان کو دہشت گردوں کے شر سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے۔
ورکشاپ کے اختتام پر ایک تفصیلی سوال و جواب سیشن ہوا جس میں شرکاء نے صوبے کی ترقی و سلامتی سے متعلق مختلف نکات پر فیلڈ مارشل سے گفتگو کی۔