کون سی بااثر شخصیت نے کاسٹنگ کاؤچ کی پیشکش کی؟ اداکارہ دعا ملک کی پوشیدہ داستان
لاہور(مسائل نیوز)پاکستان کی مشہور اداکارہ اور ٹیلی ویژن میزبان دُعا ملک نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں اپنے کیریئر کے دوران پیش آنے والے ایک تکلیف دہ واقعے کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں شو بز کی دنیا میں ایک اہم شخصیت کی طرف سے کاسٹنگ کاؤچ کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جس نے ان کی پیشہ ورانہ زندگی پر گہرا اثر ڈالا۔
دُعا ملک نے اپنی ذاتی زندگی اور انڈسٹری کے تجربات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ امریکہ منتقل ہونے کی ایک بڑی وجہ اپنے بچوں کو شو بیز سے دور رکھنا تھا کیونکہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کی اولاد اس شعبے میں قدم رکھے۔
انہوں نے دلچسپ بات یہ کی کہ ان کی بیٹی کو کبھی پِیانو بجانے کی تربیت نہ دی گئی مگر وہ خود ہی اسے سیکھ گئی۔ اس سے یہ سبق ملا کہ اگر بچوں میں کوئی جذبہ ہو تو وہ خود ہی اسے حاصل کرنے کا راستہ ڈھونڈ لیتے ہیں۔
کاسٹنگ کوچ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے دُعا نے شروع میں کہا کہ انہوں نے اس بارے میں کبھی خاص طور پر نہ سوچا اور انہیں ایسی صورتحال کا سامنا کم ہی کرنا پڑا۔
دعا نے کہاکہ ہرشخص کی اپنی شخصیت ہوتی ہے انڈسٹری میں کچھ لڑکیاں بہت خوبصورت ہوتی ہیں مگر ان میں نہیں کہنے کی ہمت نہیں ہوتی مگر میں اور میری بہن اداکارہ حمائما ملک اس معاملے میں مختلف تھیں۔
- Advertisement -
دُعا کے مطابق جب بھی کوئی ان کے پاس بری نیت رکھ کر آتا تو وہ براہ راست اور سختی سے جواب دیتیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ خود تو قدرے ڈرپوک نوعیت کی ہیں مگر حمائما ہمیشہ بہادر رہی ہیں اسی لیے ان دونوں کو ایسی نامناسب پیشکشوں کا سامنا کم کرنا پڑا۔
دُعا نے ایک اہم انکشاف کیا کہ انہیں ایک بار ضرور کاسٹنگ کاؤچ کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جس نے ان کے کیریئر کو شدید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے مزید تفصیلات ظاہر کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ متعلقہ شخص کا نام کبھی نہیں بتا سکتیں کیونکہ وہ پاکستان میں ایک بہت بڑی اور بااثر شخصیت ہیں۔
دُعا نے وضاحت کی کہ وہ تو اب امریکہ میں مقیم ہیں مگر ان کا خاندان اب بھی پاکستان میں ہے، اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے انکشاف کی وجہ سے انہیں کوئی تکلیف ہو۔
یہ انکشاف پاکستانی انٹرینمنٹ انڈسٹری میں چلنے والے مسائل کی ایک جھلک پیش کرتا ہے جہاں خواتین کو بعض اوقات اپنے حق کے لیے لڑنا پڑتا ہے۔