کراچی (مسائل نیوز)’بلبل پاکستان‘ کے لقب سے مشہور ملک کی لیجنڈ گلوکار نیرہ نور 71 برس کی عمر میں کراچی میں خالق حقیقی سے جا ملیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیرہ نور کی خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نیرہ نور پچھلے چند روز سے بیمار تھیں جس کے باعث کراچی میں ہی زیرعلاج تھیں تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں اور ان کا انتقال ہوگیا، نیرہ نور کی نماز جنازہ آج سہہ پہر 4 بجے مسجد و امام بارگاہ یثرب ڈیفنس کراچی میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں کی جائے گی۔
نیرہ نور 3 نومبر 1950ء کو موجودہ ہندوستان کے ضلع آسام میں پیدا ہوئیں، نیّرہ نور نے اپنا بچپن آسام میں گزارا، تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان 1958ء میں پاکستان منتقل ہوا ، ان کا خاندان نہ تو فن موسیقی سے وابستہ تھا اور نہ ہی نیرہ نے موسیقی کے حوالے سے کوئی رسمی تعلیم حاصل کی تاہم نیرہ نور کو دریافت کرنے کا سہرا پروفیسر اسرار کے سر ہے جنہوں نے 1968ء میں نیرہ کو لاہور میں ایک عشائیے کے بعد گاتے ہوئے سنا تھا، جس کے بعد 1971ء میں نیرہ نے پاکستان ٹیلی ویژن کے سلسلہ وار کھیلوں کے لیے گیت گانے سے اپنے باقاعدہ فن کا آغاز کیا، جس کے بعد میں انہوں نے بہت سے نامور شعرا جیسے میرزا اسداللہ غالب، ناصر کاظمی، ابن انشاء اور فیض احمد فیض وغیرہ کا کلام نہائت دلکش انداز سے گایا، بلبل پاکستان نے مہدی حسن، احمد رشدی و عالمگیر وغیرہ کے ساتھ دوگانے بھی گائے، انہوں نے کل پاکستان محفل موسیقی میں تین سونے کے تمغے جیتے،۔
2012 میں پیشہ وارانہ گائیکی کوخیر باد کہنے سے پہلے انہوں ان گنت شاہکار گیت گائے ان کی منفرد آواز پاکستانی موسیقی کی پہچان ہے، ان کے گائے گیت اور غزلیں ہر دور میں مقبول و معروف رہیں، ایک طرف جہاں ملی نغموں میں نیّرہ نور نے سامعین کے دلوں کو گرمایا تو فلموں اور ڈراموں کے لیے بھی پلے بیک سنگنگ کے طور پر اپنی گائیکی کا جادو جگایا، جس کی وجہ سے 2005 میں انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی، نگار اور دیگر متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔
نیّرہ نور کے معروف گانوں، ملی نغموں اور غزلوں میں ’اے جذبہء دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آجائے‘ ’تیرا سایہ جہاں بھی ہو سجنا‘ ’روٹھے ہو تم تم کو کیسے مناؤں پیا‘ ’آج بازار میں پا بجولاں چلو‘ ’کہاں ہو تم چلے آؤ‘ ’اے عشق ہمیں برباد نہ کر‘ اور ’وطن کی مٹی گواہ رہنا‘ سمیت دیگر بہت سے گیت شامل ہیں۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.