جیل بھرو تحریک، رانا ثناء اللہ نے ’پلاننگ‘ کرلی
اسلام آباد (مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور اسے ان کے کیریکٹر سرٹیفیکیٹ میں واضح کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ”جیل بھرو تحریک“ کے تناظر میں امن وامان کی صورتحال پر آج تفصیلی بریفنگ لی، ملک میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا اور قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا، امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا اور اسے ان کے کیریکٹر سرٹیفیکیٹ میں واضح کیا جائے گا۔
- Advertisement -
انہوں نے ہدایت کی کہ قانون توڑنے والوں کےخلاف شواہد اکٹھے کرکے عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ قانون شکنوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہو۔ خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا یہ واضح ہے کہ ”جیل بھرو تحریک“ کے اصل مقاصد ایک ڈرامہ رچانا، میڈیا کی توجہ حاصل کرنا، امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔