پاکستان کی معیشت کے لیے بڑی خوشخبری! چار ماہ میں 2 ارب 27 کروڑ کی مالی معاونت
اسلام آباد(مسائل نیوز)پاکستان نے مالی سال 2025-26 کے پہلے چار مہینوں یعنی جولائی سے اکتوبر تک 2.29 ارب ڈالر کی غیر ملکی مالی معاونت حاصل کی ہے۔ یہ رقم مختلف عالمی اداروں، دوست ممالک اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں کی گئی سرمایہ کاری کے ذریعے موصول ہوئی۔
اس عرصے میں پاکستان کو کثیرالجہتی گرانٹس کی صورت میں 26.80 ملین ڈالر ملے جن میں سے 5.27 ملین ڈالر اکتوبر میں موصول ہوئے۔ سب سے بڑی رقم IBRD سے آئی جو 15.40 ملین ڈالر تھی اس کے بعد IDA نے 8.18 ملین ڈالر دیئے اور IFAD کی جانب سے 2.72 ملین ڈالر موصول ہوئے۔
- Advertisement -
کثیرالجہتی قرضوں کے طور پر پاکستان کو جولائی سے اکتوبر کے دوران 1.11 ارب ڈالر ملے جس میں اکتوبر میں 169.5 ملین ڈالر جاری کیے گئے۔ سب سے زیادہ قرض اسلامی ترقیاتی بینک نے دیا جس میں 361 ملین ڈالر کا قلیل مدتی اور 50 ملین ڈالر کا طویل مدتی قرض شامل تھا۔ دیگر بڑے قرض دہندگان میں IDA، IBRD، ADB، AIIB اور IFAD شامل ہیں۔
اسی دوران پاکستان کو دو طرفہ گرانٹس کی صورت میں 23.76 ملین ڈالر بھی ملے جن میں سے 4.12 ملین ڈالر اکتوبر میں موصول ہوئے۔ اہم ممالک میں چین، جاپان اور جرمنی شامل ہیں۔
یہ غیر ملکی مالی معاونت پاکستان کی معاشی ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں میں مددگار ثابت ہوگی۔