وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کی خدمت کررہے ہیں، عبدالرحمن کھیتران
کوئٹہ (مسائل نیوز) بلوچستان اسمبلی اجلاس میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہاکہ باغ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ ٹینڈر ہوچکا ہے 33کروڑ روپے سڑک کی تعمیر کیلئے مختص ہے اس رقم میں سڑک کا جتنا حصہ بن سکتا ہے اسکو تعمیر کیا جائے گا آئندہ برس کی پی ایس ڈی پی میں باقی ماندہ حصے کو بھی مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت کے پاس جو وسائل ہیں ان کے اندر رہتے ہوئے عوام کی خدمت کررہے ہیں اب مظاہروں کے سلسلے کو بند ہونا چاہئے۔ ڈپٹی اسپیکر نے سردار عبدالرحمن کھیتران اور نصر اللہ زیرے کو ہدایت کی کہ وہ مظاہرین سے مذاکرات کریں اور انہیں یقین دہانی کرائیں۔ صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہاکہ اس وقت اس ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتیں وفاقی حکومت کی اتحادی ہیں اگر اب بھی بلوچستان کے حقوق نہیں ملے تو یہ مستقبل میں ہمارے لئے ایک بہت بڑا طعنہ ہوگا۔ رکن اسمبلی میر عارف محمد حسنی نے کہاکہ اسلام آباد کے ایم ڈی کو طلب کیا جائے، صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے تجویز دی کہ آج کی کارروائی کو روک کر گیس کے مسئلے پر بحث کی جائے اور اس مسئلے کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے جبکہ جمعیت رکن اسمبلی اصغر ترین نے تجویز دی کہ آج کی کارروائی کو روک کر اسمبلی سے مشترکہ طور پر واک آؤٹ کیا جائے۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہاکہ کمیٹی تشکیل دی جائے جو وہاں جاکر بات کرے اگر ہماری بات سنی نہیں جاتی تو مذکورہ افسران کو استحقاق کمیٹی میں طلب کریں گے۔ ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہاکہ گیس کے مسئلے پر ایوان کے تمام پارلیمانی لیڈران پر مشتمل ایک کمیٹی کل تک نوٹیفائی کی جائے گی جو انکی سربراہی میں اسلام آباد جاکر متعلقہ حکام سے بات کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔
- Advertisement -
[…] نیوز)صوبائی وزیر مواصلات سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت نے صوبے کو […]