کوئٹہ: بلوچستان کے 4 چار سرکاری اسپتالوں کو نیم خودمختار بورڈ کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
کوئٹہ(مسائل نیوز)بلوچستان حکومت نے صوبے کے بڑے سرکاری اسپتالوں کے نظام کو بہتر بنانے اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سول اسپتال کوئٹہ، بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ، ٹیچنگ اسپتال تربت اور ٹیچنگ اسپتال لورالائی کو نیم خودمختار بورڈ کے تحت چلانے کی منظوری دے دی ہے۔
اس فیصلے کے تحت صوبائی سیکریٹری صحت کو نیم خودمختار بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بورڈ میں صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین، انتظامی افسران اور دیگر متعلقہ نمائندے شامل ہوں گے۔ بورڈ اسپتالوں کی انتظامی کارکردگی، مالی امور، طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور عملے کی کارکردگی کی نگرانی کرے گا۔
- Advertisement -
صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ نے اس موقع پر کہا کہ ان چاروں اسپتالوں کو نیم خودمختار بورڈ کے حوالے کرنے کا مقصد نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور مریضوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے انتظامی فیصلوں میں خودمختاری ناگزیر ہے، تاکہ فوری اور مؤثر اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر چار بڑے اسپتالوں کو اس نظام کے تحت لایا جا رہا ہے، اور ان کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد صوبے کے دیگر سرکاری اسپتالوں کو بھی مرحلہ وار اسی بورڈ کے تحت لایا جائے گا، تاکہ پورے صوبے میں صحت کے نظام کو یکساں اور مؤثر بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے سے اسپتالوں کے انتظامی امور میں بہتری، وسائل کے بہتر استعمال، طبی آلات اور ادویات کی بروقت فراہمی اور مریضوں کے لیے علاج معالجے کے معیار میں نمایاں بہتری متوقع ہے