اپنی چھت اپنا گھر اسکیم! جانتے ہیں پنجاب میں کتنے خاندانوں کو قرض مل گیا، آپ محروم کیوں؟
لاہور(مسائل نیوز) پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے فلیگ شپ منصوبے اپنی چھت اپنا گھر کے تحت اب تک 95 ہزار سے زائد خاندانوں کو اپنے گھر بنانے کے لیے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔
سیکریٹری ہاؤسنگ نورالامین منگل کی زیرِ صدارت ہونے والے جائزہ اجلاس میں پروگرام ڈائریکٹر ولید بیگ نے اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک 95600 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے دیے جا چکے ہیں جبکہ 82931 زیرِ تعمیر گھروں میں سے 20940 مکمل ہو چکے ہیں۔ مزید برآں 59510 خاندانوں کو اپنے گھروں کی تکمیل کے لیے دوسری قسط جاری کی جا چکی ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق اب تک مستحق خاندانوں کو 113 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران 5 لاکھ خاندانوں کو اپنے گھر تعمیر کرنے کے لیے قرضے دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پروگرام کے تحت تین مختلف ماڈلز پر کام کیا جا رہا ہے:
1۔سرکاری زمین پر گھروں کی تعمیر
- Advertisement -
2۔نجی ہاؤسنگ اسکیموں میں کم لاگت کے مکانات
3۔چھوٹے پلاٹس کے مالکان کے لیے بغیر سود قرضوں کی فراہمی
پنجاب حکومت کے مطابق، اکتوبر کے اختتام تک 1 لاکھ خاندانوں کو قرضے فراہم کرنے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت نہ صرف عام شہریوں کو اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کا موقع مل رہا ہے بلکہ آئندہ چند سالوں میں 5 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے جس سے صوبے میں کم آمدنی والے طبقات کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
اپنی چھت اپنا گھر اسکیم پنجاب کے ہزاروں مستحق خاندانوں کے لیے اُمید کی ایک نئی کرن بن چکی ہے، جو انہیں محض رہائش ہی نہیں بلکہ وقار، استحکام اور بہتر مستقبل فراہم کر رہی ہے۔