شہر کی اہم سٹرکوں پر تجاوزات قائم کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ
کوئٹہ (مسائل نیوز)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے کہا ہے کہ شہر کی اہم سٹرکوں پر تجاوزات قائم کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس سلسلے میں تجاوزات قائم کرنے والی دکانوں کو سیل کیا جائے گاتاکہ وہ باز رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران کے ہمراہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر تجاوزات کا معائنہ کرنے کے موقع پر کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی ذوہیب احمد ،انجمن تاجران کے رحیم آغا ،یایسن مینگل اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کویٹہ نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور عوام کی مشکلات کے پیش نظر تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیوں ناگزیر ہیں۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں دکانوں کے سامنے ، تھڑوں اور فٹ پاتھوں پر موٹر سائیکل کھڑی کرنا،سامان رکھنا یا تجاوزات قائم کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اس سلسلے میں فٹ پاتھ کو تجاوزات مافیا سے واگزار کرائی جائے تاکہ پیدل چلنے والوں کو بھی کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ اس سلسلے میں خلاف ورزی کی صورت میں پہلی دفعہ دکان 48گھنٹے کے لیے سیل جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر تین یوم کے لیے دکان سیل کیا جائے گا۔جبکہ متواتر خلاف ورزی پر سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔انہون نے کہا ہے کہ تجاوزات مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اس سلسلے میں تاجر برادری کا تعاون بے حد ضروری ہے تاکہ شہر کی خوبصوررتی کو یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن کرنے کے بعد چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے تاکہ تجاوزات مافیا دوبارہ اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنا نا قابل برداشت ہے کیونکہ اس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھ کسی کی مالکیت نہیں۔یہ عوام کے سہولت کے لیے ہیں لہذا تمام دکاندار فٹ پاتھوں پر تجاوزات اور قبضہ سے گریز کریں۔