سونے کی قیمت نے نیا سنگ میل عبور کرلیا، 15 جنوری 2026 کو فی تولہ کتنے میں دستیاب؟
لاہور(مسائل نیوز)پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونے کی قیمت نے نیا سنگ میل عبور کرلیا اور بدھ کے روز نئی تاریخی بلندی پر جا پہنچا۔ سونے کی یہ قیمتیں آج دوپہر تک برقرار رہیں گی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ 14 جنوری 2026 کو 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 300 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 86 ہزار 162 روپے ہو گئی۔
- Advertisement -
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 3 ہزار 687 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 16 ہزار 805 روپے میں فروخت ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق منگل کے روز سونے کی فی تولہ قیمت 900 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 81 ہزار 862 روپے تک پہنچ گئی تھی، جبکہ بدھ کو ہونے والے اضافے کے ساتھ قیمت نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 43 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 638 ڈالر تک پہنچ گیا، جس میں 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل ہے۔ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 500 روپے اضافے کے بعد 9 ہزار 575 روپے ہو گئی۔
صرافہ مارکیٹ کے ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور مجموعی معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث آئندہ دنوں میں بھی سونے کی قیمتوں میں تبدیلی کا رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے۔