بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات کے فیصلے کے بہت جلد مثبت اثرات مرتب ہوں گے:گورنر بلوچستان
- Advertisement -
کوئٹہ (مسائل نیوز ڈیسک )
گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے ناراض بلوچ بھائیوں سے بات چیت کرنے اور ان کو واپس قومی دھارے میں لانے کا فیصلہ لائقِ تحسین ہے. بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات کے فیصلے کے بہت جلد مثبت اثرات مرتب ہوں گے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں بی این پی مینگل کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی کی قیادت میں اراکین صوبائی اسمبلی پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.
اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ میری خواہش اور کوشش ہے وفاق اور صوبہ کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنا سکوں. انہوں نے کہا کہ صوبہ کی پائیدار ترقی اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اور شعوری کاوشوں کی اشد ضرورت ہے. انہوں نے کہا کہ موجود حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں اور متوازن ترقی پر یقین رکھتی ہے اس ضمن میں صوبے کے تمام اضلاع بالخصوص دورافتادہ علاقوں کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں. وفد نے نامزد گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا کو نئی ذمہ داریاں سنبھال پر مبارکباد دی.