نوجوانوں کیلیے بلاسود اور کم مارک اپ پر وزیراعظم قرضہ اسکیم بحال
لاہور(مسائل نیوز)حکومت نے نوجوان کاروباری افراد کے لیے وزیراعظم کی بلاسود اور رعایتی قرضہ اسکیم کے دوبارہ اجرا ء کا اعلان کردیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق اس اسکیم کے تحت تین مختلف سلیب کے تحت 75 لاکھ روپے تک کے قرضے رعایتی شرح سود (صفر تا 7فیصد تک)پر زیادہ سے زیادہ 9 سال کی مدت کے لیے دیئے جائیں گے۔ پروسیسنگ کی مدت 45 یوم سے تجاوز نہیں کرے گی۔ ایک چوتھائی قرضے خواتین کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔مسلم لیگ (ن)کی مخلوط حکومت نے اس اسکیم کو وزیر اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کا نیا نام دیا ہے، جبکہ سابقہ دور حکومت میں اس اسکیم کا نام وزیر اعظم کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم رکھا گیا تھا۔ اس اسکیم کو یکم جولائی 2022 کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا۔