متحدہ عرب امارات کے صدر کا دورہ روس
ماسکو (مسائل نیوز) متحدہ عرب امارات کے صدر کا دورہ روس کے دوران روسی صدر ولادیمیرپوتن کے عربی زبان میں شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ الامارات الیوم نے رپورٹ کیا ہے کہ امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے سینٹ پیٹرز برگ میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی، اس دوران روسی صدر نے شیخ محمد بن زاید کا شکریہ عربی زبان میں ادا کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں رہنما ملاقات کے دوران دوستانہ ماحول میں گفتگو کر رہے ہیں، اس موقع پر شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ آپ سے ملاقات کرکے خوش ہوں اور آپ کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں۔ اس پر روس کے صدر پرولادیمیر پوتن نےعربی زبان میں کہا ’شکراً۔
خلیجی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان روس کے اہم ترین دورے کے سلسلے میں منگل کے روز روسی شہر سینٹ پیٹرزبرگ پہنچے، اماراتی صدر کا روس پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، سینٹ پیٹرزبرگ میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے روس کے صدر ولادی میر پوٹن سے ملاقات کی، اس اہم ترین ملاقات میں یوکرین جنگ اور دیگر اہم باہمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔
اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے یوکرین بحران کا پرامن حل تلاش کرنے کی کوششوں میں اپنی ہر طرح کی مدد فراہم کرنے سے متعلق دیرینہ موقف کا اعادہ کیا ہے، یو اے ای مسئلہ کے حل کیلئے سفارت کاری، مذاکرات اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی پاسداری کی حمایت کرتا ہے، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا روس کا دورہ بھی سلامتی کے حصول کیلئے امارات کی مسلسل کوششوں کے فریم ورک کے تحت ہی کیا جا رہا ہے، اس دورے میں وہ خطے اور پوری دنیا میں استحکام کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
وزارت نے مزید کہا کہ اس دورے کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ نتیجہ خیز اور تعمیری تعاون کو بڑھانا اور یوکرین کے بحران سے متعلق تمام فریقوں کے ساتھ بات چیت کرنا ہے تاکہ اس بات چیت سے موثر سیاسی حل تک پہنچنے میں مدد مل سکے، دو طرفہ مذاکرات ہی یوکرین بحران سے متعلق بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی میں کمی لا سکتے، مذاکرات کے ذریعے سے ہی انسانی نقصان میں کمی لائی جا سکتی، امارات عالمی امن اور سلامتی کے حصول کیلئے سیاسی تصفیہ تک پہنچنے کی کوشش میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔