بابر اعظم آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار
لاہور (مسائل نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آج اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے سپر سٹار کپتان بابر اعظم اور آسٹریلیا کی ریچل ہینس کو مارچ 2022ء کے لیے آئی سی سی مینز اینڈ ویمنز پلیئرز آف دی منتھ نامزد کیا گیا ہے۔ بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی ملٹی فارمیٹ سیریز میں متعدد سنسنی خیز بیٹنگ پرفارمنسز کے بعد مردوں کا ایوارڈ حاصل کیا۔
انہوں نے ٹیسٹ سیریز میں 390 رنز بنائے جس میں دوسرے ٹیسٹ میں 196 کی ان کی ریکارڈ ساز اننگز شامل تھی۔
- Advertisement -
انہوں نے پہلے ون ڈے میں 57 رنز بنانے کے بعد دوسرے میچ میں 114 رنز بنا کر آسٹریلیا کے 349 رن کے ہدف کا تعاقب کرنے میں قومی ٹیم کی مدد کی تھی ۔ بابر اعظم نے ساتھی نامزد امیدواروں کریگ براتھویٹ (ویسٹ انڈیز) اور پیٹ کمنز (آسٹریلیا) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ ایوارڈ حاصل کیا جس کے ساتھ ہی وہ 2 مواقع پر آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔