عاصم سلیم باجوہ کی ملالہ یوسفزئی کو نکاح پر مبارکباد
اسلام آباد (مسائل نیوز) برطانوی شہر برمنگھم میں نکاح کے بندھن میں بندھنے کے بعد نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو نکاح کی مبارکباد دی ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں کہا کہ آپ کو اور آپ کی پوری فیملی کو بہت مبارک ہو۔
انہوں نے ملالہ یوسفزئی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ آپ کو نئی زندگی کی تمام خوشیاں ملیں۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے بھی ملالہ یوسفزئی کے نکاح کی خبر پر ردعمل دیا گیا ہے۔
- Advertisement -
ملالہ یوسفزئی کی ٹوئٹر پر جمائما گولڈ اسمتھ نے جوابی ٹوئٹ میں ملالہ کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ “ماشاء اللہ مبارک ہو”۔
واضح رہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے برطانیہ میں زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا۔ ملالہ یوسفزئی نکاح کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ملالہ یوسفزئی نے اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ آج میری زندگی کا بہت اہم دن ہے، عصر اور میں نکاح کے بندھن میں بندھ گئے، زندگی کے اس نئے سفر کیلئے ہم بہت پرجوش ہیں۔
ملالہ یوسفزئی نے اپنی ٹوئٹ میں نکاح کی تصاویر بھی شیئر کیں اور بتایا کہ برمنگھم میں نکاح کی ایک چھوٹی سے تقریب ہوئی جس میں دلہا دلہن کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ ملالہ یوسفزئی نے اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی کہ زندگی کے نئے اور اہم سفر کیلئے آپ سب کی دعاوں کی ضرورت ہے۔ زندگی کے سفر کا آغاز کرنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ کی جانب سے شیئر کی گئی اپنے نکاح کی تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، دنیا بھر سے چاہنے والے ملالہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ملالہ کے جیون ساتھی عصر ملک کے حوالے سے تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ملالہ کے شوہر عصر ملک پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہیں، ان کے پاس پی سی بی میں جنرل مینیجر آپریشنز کا عہدہ ہے۔ ملالہ یوسفزئی کے شوہر پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے ساتھ بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔ عصر ملک نے لاہور میں واقع لمز یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔