حکومت نے تحریک انصاف کے 17 اہم رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے وارنٹ حاصل کر لیا
لاہور(مسائل نیوز) حکومت نے تحریک انصاف کے 17 رہنماؤں کی گرفتاری کےلیے وارنٹ حاصل کر لیا۔تھانہ گلبرگ پولیس نے عدالت سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کے حصول کی درخواست کی تھی۔۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لانگ مارچ کے روز توڑپھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گرفتاری کی اجازت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔تھانہ گلبرگ پولیس کی درخواست پر عدالت نے حماد اظہر، یاسر گیلانی، ندیم بارا، عدیل نواز، شفقت محمود اور میاں محمود الرشید کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
- Advertisement -
تھانہ شاہدرہ پولیس نے اعجاز چوہدری، اکرام عثمان، حسان نیاز ، زبیر کے وارنٹ حاصل کر لیے۔
عدالت کی جانب سے جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ ، امتیاز شیخ، عندلیب عباس، مراد راس ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، میاں اسلم اقبال کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے۔قبل ازیں گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور سی سی پی او کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا گیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے کانسٹیبل محمد اسلم کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ معطل کیا۔گذشتہ سماعت پر ایڈشنل سیشن جج نے راناثناء اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ سی سی پی او لاہور ، ڈی آئی جی آپریشنز کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا۔ عدالت نے درخواست گزار حیدر مجید کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔سیکشن 166 ،352 اور 427 کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ متعلقہ ایس ایچ او مقدمہ درج کرکے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔