لاہور (مسائل نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے بہت جانی و مالی نقصان ہوا،ترک بھائیوں کی مدد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،پاکستان مشکل وقت میں ترکیہ کے ساتھ ہے،اتنی تباہی ہماری آنکھوں نے شاید کم ہی دیکھی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں امدادی سامان بھجوانے کے موقع لاہور ائیر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے امداد کا سلسلہ روزانہ جاری رہے گا،آج 100 ٹن کا سامان ایران پاکستان بارڈر کے راستے سے ترکیہ لے جایا جائے گا۔
ترکیہ میں 100 سالہ تاریخ میں بدترین زلزلہ آیا،ترکیہ اور شام زلزلے کے جو مناظر سامنے آ رہے ہیں وہ دل ہلا دینے والے ہیں،ترکیہ شام زلزلے میں ہزاروں لوگ جاں بحق اور لاکھوں بے گھرہو گئے۔
پاکستان کے عوام ترکیہ اور شام زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں،ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے،مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ حکومت اور نمائندوں کو یقین دلاتے ہیں جہاں تک ممکن ہو سکا مدد سے دریغ نہیں کریں گے، ترکیہ شام میں سردی ہے اور خیموں کی اشد ضرورت ہے،ترکی ائیرفورس کا جہاز اندازہ ہے کہ وہاں پر کتنی مشکل ہوگی۔
- Advertisement -
سول سوسائٹی اور مخیر حضرات ترکیہ زلزلہ متاثرین کی مدد کرنے میں حصہ لیں۔یقین ہے ترکیہ اور شام جلد اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ترکیہ میں ملبے سے بچی نکالی گئی اور ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا،یہ قدرت کی شان ہے،جس دن زلزلہ آیا ترکیہ صدر سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس،تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ترکیہ صدر کو مدد کی پیشکش اور مشکل میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی،پاکستان میں جب ہولناک زلزلہ آیا تو ترکیہ صدر خود آئے تھے،ترکیہ صدر نے پاکستانی زلزلہ زدگان کو مکانات کی تعمیر،اشیائے خورونوش اور ہر طرح کی مدد کی۔