گلشن اقبال سے 3خواتین کی لاشیں برآمد ہونیکا معاملہ، بیانات متضاد نکلے، باپ بیٹا دونوں گرفتار
کراچی (مسائل نیوز)کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ گلشنِ اقبال سے 3خواتین کی لاشیں برآمد ہونے کے کیس میں باپ بیٹے کے بیانات متضاد ہیں، جس پر تفتیشی افسران نے کارروائی کرتے ہوئے باپ اور بیٹا دونوں کو گرفتار کرلیا۔ گزشتہ روز تک پولیس نے صرف باپ کو ملزم قرار دیتے ہوئے حراست میں لیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق گلشنِ اقبال بلاک 1 کے فلیٹ سے ماں، بیٹی اور بہو سمیت 3 خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ ایک ہی واقعے کے متعلق باپ اور بیٹا دونوں کے بیانات میں تضاد پایا گیا جس پر تفتیشی افسران نے دونوں کو الگ الگ مقامات پر آبزرویشن میں رکھ لیا۔
- Advertisement -
پولیس کا ماننا ہے کہ دونوں ملزمان نے واقعے کو اپنے اپنے طور پر بیان کیا اور ماں، بیٹی اور بہو کی موت کیسے ہوئی؟ اس کی تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ گھر کےسربراہ اقبال کا کہنا ہے کہ ان کو بیٹے، بیٹی اور بیوی نے رات ساڑھے 3بجے بتایا کہ بہو کا انتقال ہوگیا ہے۔
گھر کے سربراہ اقبال کے بیان کے مطابق بیوی بستر پر جا کر لیٹی اور کمبل اوڑھا تو وہ بھی انتقال کر گئی اور بیٹی صوفے پر جا کر لیٹی تو اس کا بھی انتقال ہوگیا۔ تفتیش کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ بیٹے یاسین نے نیند کی گولیاں کھا لی تھیں۔
پولیس کے دعوے کے مطابق یاسین نے نیند کی 15گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی اور باپ نے خواب آور گولیاں کھاتے ہوئے بیٹے کو دیکھ لیا تھا تاہم پہلی اور تیسری موت کے مابین وقفہ زیادہ ہے۔ واقعے کے متعلق زیر حراست باپ اور بیٹے سے مزید تفتیش جاری ہے۔