شیخ نہیان بن مبارک النہیان کا پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 10ملین ڈالر دینے کا اعلان
کراچی (مسائل نیوز) بینک الفلاح کے چیئرمین ،شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور بورڈآف ڈائیریکٹرز نے بینک الفلاح کو پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کی جانے والی کوششوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے ۔انہوں نے ملک بھر میں بھرپور امداد اور ریسکیو کے امور میں معاونت و مدد کے لیے 10ملین امریکی ڈالر (2,180 ملین روپی) کی رقم کے فنڈ کی منظوری دی ہے ۔
متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مذکورہ بالا رقم سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں کے لیے بینک الفلاح کی جانب سے تقسیم کی جائے گی،جس میں منتخب شدہ این جی اوز اور اداروں کے ذریعے عطیات بھی شامل ہیں نیز متاثرہ علاقوں کو عمومی حالات اور معمول پر لانے میں معاونت کی غرض سے درمیانی سے طویل مدت کی بنیاد پر انفرااسٹرکچر کی تعمیر کے حوالے سے ایک خطیر رقم مختص کی جائے گی۔
بینک الفلاح کے چیئرمین اور بورڈنے بینک الفلاح کو حقیقی معنوں میں ایک مخلص اور خیال رکھنے والا بینک ثابت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہارکے ذریعے نہ صرف ایک منفرد مثال قائم کی ہے بلکہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان قائم مستحکم تعلق کا ثبوت بھی دیا ہے ۔ہمیشہ سے اور ہر موقع پر پاکستان کی معاونت کرنے اور اس کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے والے عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے حالیہ سیلاب کی صورت میں پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لینے والی ناگہانی آفت پر اپنے شدید دکھ کا اظہار کیا ۔
انہوں نے دعا کی کہ رب ِ کائنات پاکستان کی عوام کو اس مشکل گھڑی سے نکالے اور امن و راحت عطا فرمائے ۔انہوں نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ سیلاب کے باعث پاکستان میں ہونے والی تباہی ناقابل تلافی ہے اور اس کے لیے امداد کی صورت میں کوئی بھی رقم ناکافی ہے ۔انہوں نے اس خطیر مالی امداد کے ذریعے متاثرین سیلاب کے دکھوں اور تکالیف کو جزوی طور پر کم کرنے کی امیدکا اظہار کیا ۔
عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور بینک الفلاح کے بورڈ نے بینک کو اس طوفانی سیلابوں سے متاثرہ تمام بینک ملازمین اور ان کے گھر والوں کی دیکھ بھال کرنے اور ان کا بھرپور خیال رکھنے کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔جس کے تحت بورڈ نے بینک کو یہ ہدایت دی ہے کہ وہ خاص طور پر بینک کے عملے اور ان کے گھر والوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک فنڈ مختص کرے ۔
بورڈ نے بینک کے عملے کو ممکنہ حد تک از خود بھی اپنے علاقوں سے منسلک کمیونٹیز میں امدادی اقدامات کرنے اور اس عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی ۔بینک الفلاح کے صدر اور اسی ای او ، عاطف باجوہ نے اپنے ملازمین اور پاکستان کی عوام کی جانب سے عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور بینک الفلاح کے بورڈ آف ڈائیریکٹر کی طرف سے اس فراخدلانہ مدد و معاونت پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے مثاثرہ لوگوں کی دکھ کی اس گھڑی میں ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری بحالی کی خواہش کا اظہار کیا ۔اس موقع پر انہوں نے بورڈ کو یقین دلاتے ہوئے یہ وعدہ کیا کہ فراہم کردہ تمام فنڈز کو لوگوں کی زندگیاں بچانے اور کمیونٹیز کی تعمیر نو کے امور کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ بینک کی جانب سے اپنے سب سے قیمتی اثاثہ، یعنی ملازمین کا اس حد تک خیال رکھنے کو یقینی بنانے پر جناب باجوہ نے بینک کے بورڈآف ڈائیریکٹر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔
[…] آباد(مسائل نیوز) پاکستان میں سیلاب سے تقریباً 1300 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور کئی علاقے […]