سبی میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے
سبی (مسائل نیوز) صوبہ بلوچستان کے علاقے سبی میں جیل روڈ پر دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق بم دھماکہ سبی کے علاقے جیل روڈ پر حبیب چوک کے قریب ہوا جس میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ۔ اس حوالے سے ایم ایس ڈاکٹر سرور ہاشمی نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 28 افراد کو سبی ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے ، زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔
بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو سیل کردیا ، جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ۔ دوسری جانب پشاور دھماکے کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، کوچہ رسالدار خودکش حملہ آور کے سہولت کار کی شناخت ہوگئی ، ایک سہولت کار کا ڈیٹا اور تصویر حاصل کر لی گئی ،مبینہ ملزم کا تعلق جمرود خیبر ایجنسی سے بتایا جاتا ہے ، خودکش بمبار کی عرفیت عبداللہ تھی جب کہ نیٹ ورک کے خاتمے کی کوششیں کی جارہی ہیں ، قبل ازیں خودکش حملہ آور کی شناخت کا کام مکمل کر لیا گیا تھا ، سی ٹی ڈی نے سہولت کاری کے شبے میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا تھا۔
- Advertisement -
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں60 سے زائد افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے ، دھماکے کے حوالے سے بیرسٹر سیف نے بتایا کہ نمازجمعہ کے وقت کوچہ رسالدار کی مسجد میں دھماکا ہوا ، اطلاعات ہیں کہ دہشت گردوں نے پہلے مسجد میں گھسنے کی کوشش کی ، دھماکےسے قبل دہشت گرد اور تعینات اہلکارمیں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، پولیس نے دھماکے کے بعدعلاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔
جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہد نے بتایا کہ کالے لباس میں ملبوس خودکش حملہ آور نے پہلے سکیورٹی اہلکاروں پر 5 سے 6 فائر کیے اور پھر تیزی سے مسجد کے اندر داخل ہوا اور خود کو اڑا دیا ، خودکش حملہ آور نے خود کو منبر کےسامنے اڑایا اور دھماکے کے بعد مسجد کے ہال میں ہر طرف انسانی اعضا پھیل گئے۔