غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں، وہ جیل بھرو تحریک میں کیوں جائے گا
اسلام آباد(مسائل نیوز) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں ہیں تو وہ جیل بھرو تحریک میں کیوں جائے گا، اتنی مقبولیت ہونے کے باوجود عمران خان نے اسمبلیاں توڑ کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہ صورتحال نہیں کہ عمران خان کو گرفتار کیا جائے۔
ذوالفقار علی بھٹو بہت مقبول تھے لیکن انہیں گرفتار کرکے پھانسی دے دی گئی۔جیل بھرنے سے پی ٹی آئی کو کیا فائدہ ہوگا۔یہ کیا روایت بنا دی گئی ہے جو جیل میں جائے گا بڑا لیڈر بن جائے گا۔عمران خان گالم گلوچ، لڑائی، جیلوں کے علاوہ کوئی مثبت کام کریں۔عمران خان گندے لوگوں کو سائڈ پر کرکے پارٹی کے اچھے لوگوں کو سامنے لائیں۔
میں ہواؤں کے خلاف عمران خان کے لیے ہی کھڑا ہوں، میں نے جو باتیں کیں وہ ٹھیک نکلیں۔
- Advertisement -
فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کے بنا کچھ نہیں ہے۔عمران خان ہی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی ہی عمران خان ہے۔عمران خان کو ہمیشہ کہا ان کے لیے مصیبتیں قریبی لوگوں کی وجہ سے کھڑی ہوئیں۔عمران خان ان لوگوں کے غلط مشوروں پر اپنے ہی پیروں پر کلہاڑی ما رہے ہیں۔فیصل واوڈا نے عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے پیغام سے متعلق سوال پر کہا کہ ہر طرف دستک دی جا رہی ہے۔
اتنی دستکیں دی جا رہی ہیں کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔یوں سمجھ لیں گھنٹی کی تاریں کاٹ کر ڈائریکٹ کر دی گئیں۔عمران خان ایک اچھے انسان اور لیڈر ہیں، اللہ انہیں ہدایت دے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کبھی اداروں کے خلاف نہیں تھے ، آج ایسے ایسے کام کروا رہے ہیں کہ یقین نہیں آتا۔سانپ کے بچے پارٹی کے مخلص لوگوں کو عمران خان کے قریب نہیں آنے دیتے۔